سعودی عرب: غیر ملکیوں کے لیے ٹریفک خلاف ورزی پر سخت سزائیں اور بے دخلی کا اعلان

ریاض: سعودی عرب کی کابینہ نے غیر ملکی شہریوں کے لیے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر سخت اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ اخبار 24 کے مطابق سعودی کابینہ کے اجلاس میں متفقہ طور پر ٹریفک خلاف ورزیوں پر دی جانے والی سزاوں کے حوالے سے قانون میں ترمیم کی گئی ہے۔ سعودی وزرا کونسل نے ٹریفک نظام کی دفعہ 74 میں ترمیم کی منظوری دی۔ترمیم کے مطابق، سنگین ٹریفک خلاف ورزی کرنے والے شخص کو ایک برس تک قید کی سزا دی جائے گی اور غیر ملکی شہریوں کو مملکت سے بے دخل اور بلیک لسٹ کیا جائے گا۔سعودی کابینہ نے وزارت داخلہ کو یہ اختیار دیا ہے کہ اگر کسی غیر ملکی کے خلاف عوامی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے والی ٹریفک خلاف ورزی کی ہو اور حتمی عدالتی فیصلہ صادر ہو تو اسے نہ صرف مملکت سے بے دخل کیا جائے بلکہ دوبارہ مملکت میں داخلے پر پابندی بھی عائد کی جائے۔کابینہ نے وزارت داخلہ، وزارت خارجہ، وزارت انصاف اور پبلک پراسیکیوشن کو ہدایت کی ہے کہ وہ مشترکہ طور پر ضوابط مرتب کریں تاکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف مناسب کارروائی کی جا سکے۔نئی ترمیم کے مطابق، اگر کسی شخص کی ایک ہی خلاف ورزی سال میں دوبارہ دہرائی جائے تو اس پر جرمانہ ڈبل ہوگا۔ جبکہ ایک ہی برس میں تیسری بار وہی خلاف ورزی ہونے کی صورت میں کیس کو عدالت میں بھیجا جائے گا، جہاں عدالت حالات کا جائزہ لینے کے بعد سزا اور جرمانے کا تعین کرے گی۔