دیوسائی نیشنل پارک میں بھورے ریچھ کا حملہ، گلوکارہ قرۃ العین بلوچ زخمی :

پاکستان کی معروف گلوکارہ قرۃ العین بلوچ پر دیوسائی نیشنل پارک میں ایک نایاب بھورے ریچھ نے حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئیں۔قرۃ العین بلوچ اپنے دو ساتھیوں کے ساتھ کیمپنگ ایریا میں موجود تھیں، کہ اچانک بھورے ریچھ نے ان کے دونوں بازوؤں پر حملہ کردیا۔ گلوکارہ کی چیخ و پکار پر قریبی افراد موقع پر پہنچے اور ریچھ کو بھگا دیا، جس سے ان کی جان بچ گئی۔ زخمی ہونے کے بعد انہیں فوری طور پر آر ایچ کیو اسپتال اسکردو منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔دیوسائی نیشنل پارک میں واقعے کے بعد پرائیویٹ کیمپنگ پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ ریجنل فارسٹ آفیسر نورالدین کا کہنا ہے کہ ستمبر اور اکتوبر میں کیمپنگ پر پابندی کا مقصد جنگلی حیات اور انسانوں کے درمیان ممکنہ تصادم روکنا ہے، جبکہ سرکاری طور پر منظور شدہ ہوٹلز اور ریسٹ ہاؤسز پابندی سے مستثنٰی ہیں۔اسپتال ذرائع کے مطابق گلوکارہ کے دونوں ہاتھوں پر پنچے اور دانت کے نشانات موجود ہیں، اور محکمہ تحفظ جنگلی حیات نے اس واقعے کے بعد دو ماہ کے لیے دیوسائی میں پرائیویٹ کیمپنگ پر پابندی عائد کردی ہے۔