حماس نے دو زندہ اسرائیلی یرغمالیوں کی ویڈیو جاری کر دی

فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے غزہ میں موجود دو اسرائیلی یرغمالیوں کی نئی ویڈیو جاری کی ہے۔خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے ویڈیو جاری کی جس میں 7 اکتوبر 2023 کے حملے کے دوران قید کیے گئے اسرائیلی شہری زندہ نظر آ رہے ہیں۔ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ ایک یرغمالی کو کار کے ذریعے تباہ شدہ عمارتوں والے علاقے میں لے جایا جا رہا ہے۔ یرغمالی نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو سے مطالبہ کیا کہ غزہ پر مزید فوجی کارروائی نہ کی جائے۔ بعد ازاں یرغمالی کو دوسرے قیدی سے ملاقات کے لیے بھی لے جایا گیا۔ دونوں نے کہا کہ وہ غزہ شہر میں ہیں اور یہ ویڈیو 28 اگست 2025 کو ریکارڈ کی گئی۔تاہم اے ایف پی فوری طور پر نہ تو ویڈیو اور نہ ہی اس کی تاریخ کی تصدیق کر سکی ہے۔یہ ویڈیو ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب اسرائیلی فوج دعویٰ کر رہی ہے کہ اس نے غزہ شہر کے 40 فیصد حصے پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے اور حماس کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ اسرائیلی فوج نے مزید وحشیانہ حملوں کا عندیہ دیا ہے تاکہ یرغمالیوں کو رہا کرایا جا سکے اور حماس کو مکمل شکست دی جا سکے۔