امریکا کا انتباہ: فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے سے خطے میں مسائل بڑھیں گے

واشنگٹن/ایکواڈور: امریکا نے خبردار کیا ہے کہ فلسطین کو ایک آزاد ریاست کے طور پر تسلیم کرنے سے مشرقِ وسطیٰ میں تنازعات اور مسائل میں اضافہ ہو سکتا ہے۔خبر ایجنسی کے مطابق امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے ایکواڈور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے کا فیصلہ “غلط اور غیر حقیقی” ہوگا، اور اس کے سنگین نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔انہوں نے فرانس اور دیگر یورپی ممالک کو فلسطینی ریاست کی حمایت پر تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ایسے اقدامات قیامِ امن میں مددگار نہیں بلکہ عدم استحکام کو مزید بڑھائیں گے۔مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ اس فیصلے کے نتیجے میں اسرائیل کی سخت کارروائیاں شروع ہوسکتی ہیں اور غزہ میں جنگ بندی مزید مشکل ہو جائے گی۔دوسری جانب اسرائیل کے وزیرِ خزانہ نے مطالبہ کیا ہے کہ مغربی کنارے کے کچھ حصے اسرائیل میں ضم کر دیے جائیں تاکہ فلسطینی ریاست کے تصور کو ختم کیا جا سکے۔ اس پر ردِعمل دیتے ہوئے متحدہ عرب امارات نے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ مغربی کنارے کا الحاق “سرخ لکیر” ہے۔ادھر برطانیہ، فرانس اور کئی یورپی ممالک اب بھی فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے کی حمایت کر رہے ہیں اور امکان ہے کہ وہ اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں اس معاملے کو اٹھائیں گے۔