امریکا نے چین سے تعلق رکھنے والے افراد پر ویزا پابندیاں عائد کر دیں

واشنگٹن: امریکہ نے چین سے تعلق رکھنے والے چند افراد پر ویزا پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اعلان کیا ہے کہ چینی کمیونسٹ پارٹی کی نمائندگی کرنے والے امریکی ویزے کے اہل نہیں ہوں گے۔مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ چین کے مفادات کے لیے کام کرنے والے افراد کو امریکہ میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ یہ اقدام امریکی حکومت کی جانب سے چین کے اثر و رسوخ اور قومی سلامتی کے خدشات کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے۔واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حال ہی میں دوسری جنگ عظیم میں چین کی جاپان پر فتح کی یادگاری تقریب میں روس کے صدر پیوٹن اور شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن کی شرکت پر چین کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ ٹرمپ نے کہا تھا کہ چین نے امریکا کے خلاف سازش کی ہے اور اس موقع پر پیوٹن اور کم جونگ اُن کو میری نیک خواہشات پہنچائی جائیں۔دوسری جانب چین نے امریکی صدر کی جانب سے سازش کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ روس اور شمالی کوریا کے رہنماؤں کو یادگاری تقریب میں بلانا امریکہ کے خلاف سازش نہیں۔امریکی وزارت خارجہ کے مطابق مذکورہ پابندیاں ایسے ویزہ ہولڈرز کے خلاف ہیں جو قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہیں یا دیگر وجوہات کی بنیاد پر امریکہ میں قیام کے اہل نہیں رہے۔مزید برآں، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تاریخ کے سب سے بڑے ویزا اسکروٹنی کا اعلان بھی کیا ہے، جس کے تحت تقریباً ساڑھے 5 کروڑ ویزہ ہولڈرز کو سخت تحقیقات سے گزرنا ہوگا۔ اس اقدام کا مقصد یہ ہے کہ کسی بھی ایسے ویزہ ہولڈر کی نشاندہی کی جا سکے جو امریکہ میں قیام کے لیے اہل نہیں۔ رپورٹس کے مطابق، امریکی حکومت نے تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم غیر ملکی طلبا کے ویزے منسوخ کرنے سمیت ویزہ پالیسی کو سخت کرنے کے لیے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں۔