اسلام آباد: کئی سال بعد امریکا کے لیے پاکستان سے براہ راست پروازیں شروع ہونے کے امکانات روشن ہوگئے، امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (FAA) کی ٹیم 6 ستمبر کو پاکستان پہنچ رہی ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (CAA) نے امریکی ٹیم کے آڈٹ کے لیے تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ FAA کی ٹیم پاکستان میں سول ایوی ایشن کے مختلف شعبوں کا تفصیلی آڈٹ کرے گی، جن میں:لائسنس امتحانات فلائٹ اسٹینڈرڈز ایئر وردی نیس اسٹیٹ سیفٹی شامل ہیں۔ڈی جی سی اے اے کی ہدایت پر تمام متعلقہ شعبوں نے آڈٹ کے لیے اپنی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ذرائع کے مطابق امریکی فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی ٹیم کی آمد پاکستان سے امریکا کے لیے براہ راست پروازوں کی اجازت حاصل کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔اگر آڈٹ کامیاب رہا تو پی آئی اے سمیت دیگر پاکستانی ایئرلائنز کو امریکا کے لیے براہ راست پروازوں کی بحالی کی امید ہے، جس سے مسافروں کو براہ راست سفری سہولت میسر آسکے گی۔