لاہور: صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال یاسین نے اعلان کیا ہے کہ پنجاب حکومت اگلے 15 روز میں نئی ٹیکسی اسکیم لانچ کرنے جارہی ہے، جس کے تحت نئی گاڑیاں شامل کی جائیں گی۔پاکستان کی پہلی ٹرانسپورٹ ایکسپو سے خطاب میں بلال یاسین نے کہا کہ پنجاب میں ٹرانسپورٹ کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے اور لاہور میں پہلی ٹرام چلانے کا ہدف اگلے سال فروری تک مقرر کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب کے 41 اضلاع میں جدید طرز کے ڈپو قائم کیے جا رہے ہیں جبکہ مزید الیکٹرک بسیں دسمبر سے سڑکوں پر چلائی جائیں گی۔ اس کے ساتھ ساتھ ٹیکسی اور بائیک اسکیم کے تحت نئی گاڑیاں اور الیکٹرک بائیکس بھی متعارف کرائی جائیں گی۔وزیر ٹرانسپورٹ نے انکشاف کیا کہ:2030 تک پنجاب میں 1100 الیکٹرک بسیں اور ٹرامز شامل کی جائیں گی۔آئندہ 5 سے 6 ماہ میں لاہور کی جیل روڈ اور مین بولیوارڈ پر ٹرام چلائی جائے گی، جبکہ کنال روڈ پر نہر کے ساتھ ٹرام کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ڈرائیور کے بغیر گاڑیاں چلانے کا تجربہ بھی کیا جائے گا۔2030 تک پنجاب کی 80 فیصد ٹرانسپورٹ کو الیکٹرک کرنے کا ہدف ہے۔اس مقصد کے لیے 1000 چارجنگ پوائنٹس قائم کرنے کا منصوبہ بھی شامل ہے۔