پنجاب حکومت نے آٹے اور روٹی کی قیمتیں مقرر کر دیں

لاہور: پنجاب حکومت نے آٹے کے 10 کلو کے تھیلے کی قیمت 905 روپے مقرر کر دی ہے، جبکہ 20 کلو کے تھیلے کی قیمت 1810 روپے مقرر کی گئی ہے۔ روٹی کی قیمت بھی 14 روپے مقرر کی گئی ہے۔وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا کہ سیلاب کی آڑ میں قیمتیں بڑھانے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن سندھ جنید عزیز نے خبردار کیا ہے کہ گندم اور آٹے کی قیمتوں میں مزید اضافے کا خدشہ موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں گندم مہنگی ہے جبکہ عالمی مارکیٹ میں سستی دستیاب ہے۔جنید عزیز نے مزید کہا کہ اگر حکومت گندم کی درآمد پر جلد فیصلہ نہیں کرتی تو آٹے کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوگا۔ یکم اگست سے اب تک گندم کی قیمت میں 35 روپے جبکہ آٹے کی قیمت میں 29 روپے اضافہ ہوا ہے۔یکم اگست کو گندم کی قیمت 62 روپے فی کلو تھی جو یکم ستمبر کو 97 روپے فی کلو ہو گئی۔ اسی طرح ڈھائی نمبر آٹے کی قیمت 76 روپے سے بڑھ کر 99 روپے اور فائن آٹے کی قیمت 79 روپے سے بڑھ کر 108 روپے فی کلو ہو گئی ہے۔فلور ملز ایسوسی ایشن کے مطابق مقامی مارکیٹ میں گندم کی قیمت 96 روپے فی کلو ہے جبکہ عالمی مارکیٹ میں یہ قیمت 85 روپے فی کلو ہے۔ سندھ حکومت اگلے ہفتے گندم ریلیز کرتی ہے تو بازار میں قیمتوں میں کمی ممکن ہے۔جنید عزیز نے کہا کہ حکومت کو رواں سال کم از کم 15 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنی پڑے گی تاکہ ملکی مارکیٹ میں استحکام آئے۔