اسلام آباد: پاکستان میں تیل اور گیس کے نئے ذخائر دریافت کر لیے گئے ہیں۔ پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ (PPL) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پوٹھوہار ریجن میں ڈھوک سلطان 3 سے تیل اور گیس کی دریافت ہوئی ہے۔اعلامیے کے مطابق، سلطان 3 سے روزانہ 2113 بیرل تیل اور 4.13 ایم ایم سی ایف ڈی گیس حاصل کی جا سکتی ہے۔ یہ دریافت پوٹھوہار کوہاٹ ذیلی بیسن میں ہائیڈروکاربن کے موجود ہونے کی تصدیق کرتی ہے اور یہ خطے میں تیل کی دوسری گہری دریافت ہے۔واضح رہے کہ چند ماہ قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ امریکہ اور پاکستان کے درمیان پاکستان کے تیل کے وسیع ذخائر کو قابل بازیافت ذخائر میں تبدیل کرنے کے لیے ایک معاہدہ طے پایا ہے۔ ٹرمپ نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ’ٹروتھ سوشل‘ پر کہا تھا کہ امریکہ اسلام آباد کے ساتھ مل کر کام کرے گا اور اس پارٹنرشپ کو لیڈ کرنے کے لیے آئل کمپنی کا انتخاب کیا جائے گا۔ٹرمپ نے ہنستے ہوئے کہا تھا کہ “کون جانتا ہے، شاید وہ کسی دن انڈیا کو تیل بیچ رہے ہوں گے۔”یہ دریافت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پاکستان میں مقامی تیل اور گیس کی پیداوار میں گزشتہ چند سال کے دوران مسلسل کمی دیکھی گئی، جس کے باعث مقامی طلب کو پورا کرنے کے لیے بیرون ملک سے درآمدات میں اضافہ ہوا ہے۔