محکمہ موسمیات نے ملک میں نئے برسات کے سلسلے کی پیشگوئی کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ 7 سے 10 ستمبر کے دوران سندھ میں وقفے وقفے سے شدید بارشیں ہوں گی۔محکمہ موسمیات کے مطابق بھارت کے مدھیہ پردیش میں بننے والا کم دباؤ 6 ستمبر کو سندھ میں داخل ہوگا جس کے باعث حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، تھرپارکر اور دیگر شہروں میں 6 سے 9 ستمبر تک تیز بارشیں متوقع ہیں، جبکہ بعض مقامات پر موسلا دھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 6 سے 8 ستمبر تک مشرقی پنجاب (لاہور، سیالکوٹ، نارووال، اوکاڑہ، ملتان، ڈی جی خان)، اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات اور پوٹھوہار میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔اسی طرح 7 سے 9 ستمبر تک بلوچستان کے مشرقی و جنوبی اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی ہے جبکہ کشمیر اور خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق دیر، سوات، باجوڑ، بونیر، صوابی، پشاور اور قریبی علاقوں کے علاوہ ڈیرہ غازی خان اور ملحقہ علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے۔دوسری جانب این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ پنجند سے آنے والا سیلابی ریلا سندھ میں داخل ہوگا، جس کے باعث کئی مقامات پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب متوقع ہے۔