بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق اسپنر امت مشرا نے ہر طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے اپنے فیصلے سے متعلق مداحوں کو سوشل میڈیا کے ذریعے آگاہ کیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق امت مشرا طویل عرصے سے بھارتی ٹیم اور انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) سے باہر تھے اور گھریلو کرکٹ سے بھی دوری اختیار کیے ہوئے تھے۔ ایسے میں انہوں نے کرکٹ سے کنارہ کشی کو بہتر فیصلہ قرار دیا۔امت مشرا نے بھارت کے لیے 22 ٹیسٹ، 36 ون ڈے اور 10 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے۔ انہوں نے اپنے کیریئر میں کئی یادگار کارکردگیاں دکھائیں لیکن ہربھجن سنگھ اور انل کمبلے جیسے عظیم اسپنرز کی موجودگی کی وجہ سے انہیں زیادہ مواقع نہیں مل سکے۔اعداد و شمار کے مطابق:ٹیسٹ کرکٹ میں 22 میچ کھیل کر 76 وکٹیں حاصل کیں۔ون ڈے میچز میں 64 وکٹیں اپنے نام کیں۔ٹی ٹوئنٹی میں بھارت کے لیے 16 وکٹیں حاصل کیں۔
اپنے انٹرنیشنل کیریئر میں 3 مرتبہ پانچ وکٹیں لینے کا کارنامہ انجام دیا۔گھریلو اور پروفیشنل کرکٹ میں بھی مشرا نے شاندار کارکردگی دکھائی:152 فرسٹ کلاس میچز میں 535 وکٹیں۔لسٹ اے کرکٹ میں 252 وکٹیں۔ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 285 وکٹیں۔مجموعی طور پر اپنے پروفیشنل کیریئر میں 1072 وکٹیں حاصل کیں۔آئی پی ایل میں بھی امت مشرا نے اپنا الگ مقام بنایا، جہاں انہوں نے دہلی کیپٹلز، لکھنؤ سپر جائنٹس، سن رائزرز حیدرآباد اور ڈکن چارجرز کی نمائندگی کی۔ انہوں نے آئی پی ایل میں 174 وکٹیں حاصل کیں اور 3 مرتبہ ہیٹ ٹرک کرنے کا منفرد ریکارڈ اپنے نام کیا۔