اقوام متحدہ کا پاکستان میں سیلاب پر اظہار افسوس، متاثرین کے لیے 6 لاکھ ڈالر امداد کا اعلان

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک): اقوام متحدہ نے پاکستان میں حالیہ تباہ کن سیلاب سے انسانی جانوں کے ضیاع اور بڑے پیمانے پر تباہی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کے لیے ہنگامی امداد جاری کر دی ہے۔سیکریٹری جنرل کا بیان یو این سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان میں آنے والے سیلاب نے اب تک 400 سے زائد قیمتی انسانی جانیں نگل لی ہیں جبکہ 15 لاکھ افراد براہِ راست متاثر ہوئے ہیں۔ لاکھوں افراد اس وقت فوری امداد اور بحالی کے منتظر ہیں۔ترجمان کے مطابق انتونیو گوتریس نے پنجاب میں 10 لاکھ سے زائد افراد کی بروقت نقل مکانی پر پاکستانی حکام کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ وہ دکھ کی اس گھڑی میں حکومتِ پاکستان اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا۔اقوام متحدہ کی امداد ترجمان نے مزید بتایا کہ اقوام متحدہ نے سیلاب متاثرین کی فوری ضروریات پوری کرنے اور بحالی کے عمل میں تعاون کے لیے 6 لاکھ ڈالر جاری کیے ہیں۔سندھ میں خطرے کی گھنٹیاں ادھر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجند سے آنے والا بڑا سیلابی ریلا سندھ میں داخل ہو رہا ہے جو گڈو بیراج کی طرف بڑھے گا۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ کئی مقامات پر اس وقت انتہائی اونچے درجے کا سیلاب موجود ہے۔این ڈی ایم اے کے مطابق بھارت سے نیا بارشوں کا سسٹم بھی 6 ستمبر کو سندھ میں داخل ہوگا جس کے باعث ٹھٹھہ، سجاول، میرپورخاص اور بدین میں 6 سے 10 ستمبر تک بارشیں متوقع ہیں، جس سے سیلابی صورتحال مزید سنگین ہونے کا خدشہ ہے۔