وزیراعظم شہباز شریف کی روسی صدر پیوٹن سے ملاقات، دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات ہوئی، جس دوران دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات، تجارت اور خطے میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ملاقات کے دوران شہباز شریف اور پیوٹن نے گرمجوشی سے مصافحہ کیا۔ روسی صدر نے کہا کہ وہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں اور پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا۔ پیوٹن نے وزیراعظم شہباز شریف کو ماسکو میں ہونے والی ایس سی او سمٹ میں شرکت کی دعوت بھی دی، جس کے لیے نومبر میں انعقاد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی تجارت میں معمولی کمی آئی ہے جسے بہتر کرنے کی ضرورت ہے، اور پاکستان سیکیورٹی کونسل کا غیر مستقل رکن ہونے کے ناطے یو این میں بھی رابطہ برقرار رکھتا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ روس کے ساتھ دو طرفہ تعلقات وقت کے ساتھ مضبوط ہو رہے ہیں اور ایس سی او سمٹ کی دعوت دینے پر روسی صدر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کا خواہشمند ہے اور خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کو فروغ دینا چاہتا ہے۔