اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف حصوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ شمالی علاقوں میں یہ 48 گھنٹوں کے دوران دوسرا زلزلہ تھا۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق مانسہرہ، ایبٹ آباد، سوات، مینگورہ اور گرد و نواح میں زلزلے کی شدت 5.4 اور گہرائی 22 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔اس سے قبل یکم ستمبر کی رات پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بھی زلزلے کے جھٹکے آئے، جس کی شدت 6.0 اور گہرائی 15 کلومیٹر تھی۔ اس زلزلے کا مرکز پاک افغان سرحد کے قریب کوہ ہندو کش ریجن تھا اور زلزلہ تقریباً 10 سیکنڈ تک جاری رہا۔ شہری گھبراہٹ کے عالم میں گھروں سے باہر نکل آئے اور کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے کھلے مقامات پر آگئے۔رپورٹس کے مطابق زلزلے کے جھٹکے اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، چکوال، سوات، پشاور، ملاکنڈ، مانسہرہ، ہنگو، مردان، نوشہرہ، بنوں، بونیر، کوہاٹ اور چارسدہ سمیت کئی علاقوں میں محسوس کیے گئے۔اس کے علاوہ 27 اگست کو بھی خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے آئے تھے، جس سے شہری خوفزدہ ہو گئے۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں جیسے بونیر، صوابی، چترال اور گرد و نواح میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔