وزیراعظم اور صدرِ مملکت کا افغانستان میں زلزلے کے متاثرین سے اظہارِ یکجہتی

اسلام آباد: (اسٹاف رپورٹ) وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے افغانستان میں تباہ کن زلزلے کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور افغان عوام کو ہر ممکن امداد کی پیشکش کی۔وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا: “غم کی اس گھڑی میں پاکستان کے عوام اپنے افغان بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔” انہوں نے مزید کہا کہ مشرقی افغانستان میں آنے والے زلزلے کے نتیجے میں سینکڑوں قیمتی جانوں کے ضیاع اور قصبوں کی تباہی پر حکومتِ پاکستان اور عوام کی جانب سے متاثرین کے ساتھ دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا جاتا ہے۔دوسری جانب صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے بھی افغان زلزلہ متاثرین سے گہری تعزیت کرتے ہوئے کہا: “مشکل وقت میں پاکستان افغان عوام کے ساتھ ہے۔ اللہ تعالیٰ جاں بحق افراد کو جنت الفردوس میں جگہ دے اور زخمیوں کو جلد صحت یاب کرے۔”افغانستان میں زلزلے کی تباہ کاریاں اتوار اور پیر کی درمیانی شب افغانستان کے شمالی حصے میں 6 شدت کا زلزلہ آیا، جس کے نتیجے میں افغان حکام کے مطابق کم از کم 800 افراد جاں بحق جبکہ 2500 سے زائد زخمی ہو گئے۔امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز صوبہ ننگرہار کے شہر جلال آباد کے قریب تھا، جس کی گہرائی صرف 8 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کے 20 منٹ بعد ہی 4.5 شدت کا ایک اور جھٹکا بھی محسوس کیا گیا۔افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کے مطابق متاثرہ علاقوں میں مقامی حکام، امدادی ٹیمیں اور رضا کار ریسکیو اور بحالی کے کاموں میں مصروف ہیں تاکہ متاثرین کو فوری امداد فراہم کی جا سکے۔