سونے کی قیمت میں بڑا اضافہ، فی تولہ 3 لاکھ 70 ہزار 700 روپے ہو گئی

کراچی: ملک بھر میں سونے کی قیمت میں مسلسل اضافے کا رجحان برقرار ہے۔ کاروباری ہفتے کے پہلے روز فی تولہ سونا 3300 روپے مہنگا ہو کر 3 لاکھ 70 ہزار 700 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق، 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 2829 روپے اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 17 ہزار 815 روپے ہوگئی۔ عالمی مارکیٹ میں سونا 33 ڈالر اضافے کے ساتھ 3480 ڈالر فی اونس میں ٹریڈ ہو رہا ہے۔گزشتہ ہفتے کے دوران بھی سونے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا تھا، جب فی تولہ سونا 7600 روپے اور 10 گرام 6515 روپے مہنگا ہوا، جبکہ عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 76 ڈالر بڑھ گئی تھی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ سونا روایتی طور پر ایک محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے، جو افراطِ زر، سیاسی اور معاشی غیر یقینی کی صورتحال میں مزید قیمتی ہو جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سرمایہ کار دیگر اثاثوں میں غیر یقینی کی صورت میں سونے کو ترجیح دیتے ہیں۔پاکستان میں گزشتہ برس سونے کی قیمت کے تعین کا طریقہ کار بھی تبدیل کیا گیا تھا، جس کے تحت مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت انٹرنیشنل ریٹ سے 20 ڈالر فی اونس زیادہ مقرر کی جاتی ہے۔