لاہور: محکمۂ ڈیزاسٹر مینجمنٹ (پی ڈی ایم اے) کے ڈائریکٹر جنرل نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ 2 سے 3 روز کے دوران پنجاب کے دریاؤں میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔ ان کے مطابق بالائی علاقوں میں شدید بارشوں کا امکان ہے جس کے بعد دریائے راوی، ستلج اور بیاس میں طغیانی متوقع ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ اگلے 24 گھنٹوں میں دریائے چناب پر ہیڈ تریموں کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب آنے کا اندیشہ ہے، جبکہ ہفتے تک 10 لاکھ کیوسک سے زائد پانی کا ریلا سندھ میں داخل ہوگا۔ سندھ میں خطرے کی گھنٹی ادھر سندھ کے سینیئر وزیر شرجیل میمن نے بھی وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ 2 یا 3 ستمبر کی رات سیلاب سندھ میں داخل ہوگا۔ ان کے مطابق صوبے میں تقریباً 16 لاکھ افراد متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ شرجیل میمن نے بتایا کہ حکومت سندھ نے ہنگامی تیاریاں مکمل کر لی ہیں اور 102 حساس مقامات پر بھاری مشینری پہنچا دی گئی ہے۔ صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری خود صورتِ حال کی نگرانی کر رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایات وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سیلابی صورت حال پر مانیٹرنگ کے لیے مقرر وزرا سے رابطہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب دریائے سندھ میں بڑے سیلاب کا خدشہ ہے، اس لیے دریا کنارے بندوں اور نہری نظام کی کڑی نگرانی کی جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکا جا سکے۔