وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی دوستی مضبوط اور پائیدار ہے اور اس میں اختلافات پیدا کرنے کی ہر کوشش ناکام رہی ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے تیانجن یونیورسٹی میں طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کا مستقبل مشترکہ ہے اور دونوں ممالک کے تعلقات میں کبھی کمی نہیں آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرپشن کے خلاف پالیسی چینی صدر کے وژن کے مطابق ہے، اور ڈیڑھ سال میں کوئی بھی شخص ان کی حکومت پر کرپشن کا الزام نہیں لگا سکتا۔وزیر اعظم شہباز شریف نے نیشنل فیسلٹی فار ارتھ کوئیک انجینئرنگ سمولیشن کے دورے کے دوران جدید ٹیکنالوجیز، بشمول میڈیکل ریسکیو گاڑیاں اور آفات سے نمٹنے کے نظام کے بارے میں بریفنگ بھی حاصل کی۔ انہوں نے چین کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ٹیکنالوجیز اور جدید تکنیکوں کی تعریف کی اور کہا کہ پاکستان ان مہارتوں سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتا ہے تاکہ قدرتی آفات کے خلاف موثر اقدامات کیے جا سکیں۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ چین-پاکستان جوائنٹ لیب فار ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی میڈیسن اور انٹرنیشنل میڈیکل کوآپریشن سینٹر جیسے منصوبے مزید فعال کیے جائیں۔اپنے خطاب میں وزیراعظم نے بتایا کہ وہ پہلی بار 2017 میں تیانجن یونیورسٹی آئے تھے اور پاکستانی طلباء اور پروفیسرز سے ملاقات کا تجربہ خوشگوار رہا۔ انہوں نے کہا کہ تیانجن یونیورسٹی پاکستانی طلباء کے لیے بہترین تعلیمی مرکز ہے اور یہاں طلباء کی بڑی تعداد دیکھ کر خوشی ہوئی۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان پہلا اسلامی ملک تھا جس نے چین کو تسلیم کیا اور شاہراہ قراقرم دونوں ممالک کے درمیان دوستی کا عظیم منصوبہ ہے۔ چین آج دنیا کی بڑی معاشی اور فوجی طاقت ہے اور پاکستان اس دوستی پر فخر کرتا ہے۔انہوں نے زور دیا کہ پاکستان چینی صدر کے وژن کی بھرپور حمایت کرتا ہے اور پاک-چین تعلقات میں مضبوط شراکت داری برقرار رہے گی۔