اسرائیل نے ایک فضائی حملے میں حماس کے عسکری ونگ القصام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ کو نشانہ بنا کر شہید کر دیا ہے۔فلسطینی ذرائع کے مطابق اتوار کو اسرائیلی افواج نے غزہ کے ایک فلیٹ کو نشانہ بنایا، جس وقت ابو عبیدہ اپنے ساتھیوں کے ہمراہ وہاں موجود تھے۔ فضائی حملے میں اپارٹمنٹ میں موجود تمام افراد شہید ہوگئے۔ بعد ازاں ابو عبیدہ کے اہلِ خانہ اور القسام قیادت نے لاش کی شناخت کے بعد ان کی شہادت کی تصدیق کر دی۔خیال رہے کہ اس سے قبل اسرائیلی فوج کے ترجمان نے اعلان کیا تھا کہ غزہ کے شمالی حصے میں حماس کی ایک اہم شخصیت کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ اسرائیلی چینل 12 کے مطابق ابو عبیدہ کی موجودگی کی ابتدائی معلومات جمعہ کی شام ملی تھیں، اور ہفتہ کی شام ساڑھے پانچ بجے کارروائی کی گئی، جسے 95 فیصد کامیاب قرار دیا گیا۔یاد رہے کہ چند روز قبل ہی اسرائیل نے یمن کے دارالحکومت صنعاء میں فضائی حملے کے دوران حوثی وزیر اعظم احمد الرحاوی کو نشانہ بنا کر شہید کیا تھا، جس پر حوثی قیادت نے اسرائیل سے انتقام لینے کا اعلان کیا ہے۔دوسری جانب غزہ پر اسرائیلی بمباری کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ صرف گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 70 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جبکہ غذائی قلت کے باعث 10 افراد بھی زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔