فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن نے دریائے چناب، راوی اور ستلج میں پانی کی سطح کے بارے میں تازہ صورتحال جاری کر دی ہے دریائے چناب خانکی بیراج پر پانی کا بہاؤ 8 لاکھ 59 ہزار کیوسک جبکہ قادرآباد بیراج پر 9 لاکھ 96 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ دونوں مقامات پر انتہائی خطرناک اونچے درجے کا سیلاب ہے۔ ہیڈ مرالہ پر پانی کی آمد 1 لاکھ 91 ہزار کیوسک ہے، جسے بھی اونچے درجے کا سیلاب قرار دیا گیا ہے سرگودھا کے علاقے کوٹ مومن میں 10 لاکھ کیوسک کا سیلابی ریلا داخل ہوا ہے، پانی کھیتوں اور قریبی آبادیوں میں داخل ہونا شروع ہوگیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق 2500 افراد اور 1700 سے زائد مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کر دیے گئے ہیں دریائے راوی لاہور کے مقام شاہدرہ پر پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 50 ہزار کیوسک ہے جبکہ سائفر پوائنٹس پر یہ بہاؤ 1 لاکھ 60 سے 70 ہزار کیوسک کے درمیان ہے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور کے مطابق شہر محفوظ ہے اور صورتحال قابو میں ہے، تاہم اونچے درجے کے سیلاب کے باعث فلڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ جسڑ کے مقام پر پانی کی آمد 1 لاکھ 39 ہزار کیوسک تک پہنچ گئی ہے۔
دریائے ستلج گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 61 ہزار کیوسک ہے، جبکہ ہیڈ سلیمانکی پر پانی کی آمد 1 لاکھ 9 ہزار کیوسک ریکارڈ کی گئی حویلی لکھا کے علاقوں میں سیلابی ریلا داخل ہونے سے کئی دیہات زیرِ آب آگئے ہیں زمینی راستے منقطع ہوگئے ہیں اور فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ متاثرہ دیہات میں سوجیکی، لنگرکے، باقرکے مہار، پانامہار اور درازکے شامل ہیں۔ حکومتی اقدامات ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ادارے ہائی الرٹ ہیں۔ ریلیف کیمپس قائم کر دیے گئے ہیں اور سیلاب متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا عمل جاری ہے۔