اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلزپارٹی نے ضمنی انتخابات میں مشترکہ حکمتِ عملی اپنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ دونوں جماعتیں ایک دوسرے کے ساتھ مل کر انتخابی میدان میں اتریں گی۔ وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے پیپلزپارٹی رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ضمنی الیکشن میں ن لیگ اور پیپلزپارٹی مل کر حصہ لیں گی۔ انہوں نے کہا کہ جہاں مسلم لیگ (ن) دوسرے نمبر پر رہی تھی وہاں پیپلزپارٹی امیدوار نہیں کھڑا کرے گی اور جہاں پیپلزپارٹی دوسرے نمبر پر رہی تھی وہاں ن لیگ اپنا امیدوار نہیں لائے گی۔ دونوں جماعتیں ایک دوسرے کے امیدواروں کی مکمل حمایت کریں گی۔ حنیف عباسی نے اعتماد کا اظہار کیا کہ یہ حکمت عملی ضمنی انتخابات میں بھرپور کامیابی دلوائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اہم فیصلے مشاورت سے کیے جا رہے ہیں اور عوام کو مثبت نتائج دیکھنے کو ملیں گے۔ پیپلزپارٹی کے راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ دونوں جماعتوں میں ضمنی انتخابات کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے خوش اسلوبی کے ساتھ معاملات طے کر لیے ہیں اور طے شدہ فارمولے کے تحت الیکشن لڑا جائے گا۔