کراچی: صوبائی وزیر سعید غنی نے ان کے بھائی فرحان غنی اور ساتھیوں کے خلاف دہشت گردی کے مقدمے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ قانون کا سامنا کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین چنیسر ٹاؤن فرحان غنی اور ان کے ساتھیوں کے خلاف فیروز آباد تھانے میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ مقدمے میں سرکاری اہلکار پر تشدد کی دفعات شامل ہیں۔ سعید غنی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ: “میرے بھائی کا گزشتہ روز حافظ سہیل نامی شخص سے جھگڑا ہوا تھا، اور آج اس نے مقدمہ درج کرادیا جو اس کا قانونی حق ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ فرحان غنی اور ان کے ساتھی خود گرفتاری پیش کریں گے اور عدالت میں اپنی بے گناہی ثابت کریں گے۔ واضح رہے کہ پولیس نے گزشتہ روز ہی سعید غنی کے بھائی فرحان غنی کو ساتھیوں سمیت گرفتار کرکے مقدمہ درج کیا تھا۔