پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی اور خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں آج زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلے نے ایبٹ آباد، مانسہرہ، منگورہ، چترال، سوات، بٹگرام، ملاکنڈ، ہری پور اور خانپور سمیت کئی علاقوں کو ہلا دیا۔ جھٹکے محسوس ہوتے ہی لوگ خوف کے باعث گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے اور کلمہ طیبہ کا ورد کرتے رہے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.2 ریکٹر اسکیل پر ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کا مرکز ہندو کش افغانستان اور گہرائی 190 کلومیٹر تھی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی خبر سامنے نہیں آئی ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل جون میں سندھ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔ میرپور خاص میں شدت 3.5 اور گوادر میں 3 ریکٹر اسکیل ریکارڈ ہوئی تھی، جبکہ میرپور ساکرو میں ایک اور زلزلہ 3.1 شدت کے ساتھ محسوس کیا گیا تھا۔