وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری کی زیر صدارت اجلاس میں بتایا گیا کہ کراچی پورٹ اور پورٹ قاسم پر کنٹینر کلیئرنس کے وقت کو کم کرنے کے لیے سفارشات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
وزیر کے مطابق تجاویز فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو بھجوائی جاچکی ہیں اور 2 ہفتوں میں عملدرآمد کا پلان تیار کرلیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی معیار کے مطابق پورٹ آپریشنز اور کلیئرنس کو یقینی بنایا جائے گا۔
اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ:
- اسکریننگ اور لیبارٹری ٹیسٹ میں تاخیر ختم کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی لائی جائے گی۔
- بندرگاہوں پر رش کم کرنے کے لیے اوور اسٹے کارگو تلفی تیز ہوگی۔
- پورٹ ٹرمینلز کی گراؤنڈنگ صلاحیت بڑھانے کی تجویز دی گئی ہے۔
- ٹرانسپورٹیشن بہتر بنانے کے لیے نائٹ ٹائم پابندیاں ختم کرنے، ٹرک ہولڈنگ ایریاز اور ملٹی ماڈل ٹرانسپورٹ منصوبے شامل ہیں۔
🔻 کے پی ٹی چارجز میں بڑی رعایت:
یاد رہے کہ جولائی 2025 میں حکومت نے کے پی ٹی پر ڈرائی بلک ایکسپورٹ کارگو کے پورٹ چارجز میں 50 فیصد کمی کا اعلان کیا تھا۔ اسی طرح:
- ویرفیج چارجز میں بھی 50 فیصد کمی کی گئی۔
- اسٹوریج چارجز پر فوری رعایت کا اطلاق ہوا۔
- سالانہ 5 فیصد اضافہ مؤخر کردیا گیا۔
وزیر بحری امور نے کہا کہ یہ اقدامات نہ صرف برآمدات کو فروغ دیں گے بلکہ کاروباری اخراجات بھی کم ہوں گے۔ انہوں نے زور دیا کہ میری ٹائم سیکٹر کو جدید، پائیدار اور ماحول دوست بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں تاکہ معیشت کو عالمی معیار کے مطابق ہم آہنگ کیا جا سکے۔