محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں سب سے زیادہ بارش سعدی ٹاؤن میں 35.8 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ گلشن معمار میں 33.3 ملی میٹر، ناظم آباد میں 26 ملی میٹر، جبکہ سرجانی ٹاؤن میں 12.4 ملی میٹر بارش ہوئی۔
دیگر علاقوں میں بھی مختلف شرح سے بارش ریکارڈ کی گئی:
- پی اے ایف بیس مسرور: 11 ملی میٹر
- کورنگی: 4.6 ملی میٹر
- یونیورسٹی روڈ: 4.4 ملی میٹر
- گلشن حدید اور ڈی ایچ اے فیز ٹو: 3 ملی میٹر
- اورنگی ٹاؤن: 1.5 ملی میٹر
- شارع فیصل: 1 ملی میٹر
- نارتھ کراچی: 0.5 ملی میٹر
- سب سے کم بارش اولڈ ایئرپورٹ ایریا میں: 0.2 ملی میٹر
وقفے وقفے سے بارش کے باعث شہر کے کئی نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے ہیں اور ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی ہے۔ سوک سینٹر سے اسٹیڈیم روڈ اور سینٹرل جیل روڈ پر بدترین ٹریفک جام کی شکایات سامنے آئی ہیں۔ اسی طرح ناظم آباد سے لسبیلہ روڈ، گلشن اقبال، بنارس اور نگی ٹاؤن میں بھی پانی جمع ہونے کے باعث گاڑیوں کی آمد و رفت مشکل ہوگئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بھارتی راجستھان پر موجود سائیکلونک سرکولیشن کے اثرات کراچی میں داخل ہوچکے ہیں۔ ماہرین کے مطابق 20 اور 21 اگست کو گرج چمک کے ساتھ تیز اور موسلا دھار بارش کا امکان ہے جبکہ بارشوں کا سلسلہ 22 اگست تک جاری رہ سکتا ہے۔