کراچی میں موسلا دھار بارش کے بعد سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں اور ٹریفک کا نظام بھی بری طرح متاثر ہوا۔ ٹاور، گرومندر، صدر موبائل مارکیٹ سمیت مختلف علاقوں میں پانی جمع ہونے سے گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں بند ہو گئیں جبکہ شہری سڑکوں پر پھنس کر رہ گئے۔ بارش کے بعد صورتحال کو دیکھتے ہوئے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شہر میں رین ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کر دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ بلدیاتی اداروں کا تمام عملہ گراؤنڈ پر موجود رہے اور نکاسی آب ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ مرتضیٰ وہاب نے کے ایم سی کے تمام ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دیں اور واضح کیا کہ اگر کسی مقام پر تاخیر یا شہریوں کی شکایات آئیں تو ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ وہ خود سڑکوں پر موجود ہیں تاکہ نکاسی آب کے اقدامات کی نگرانی کی جا سکے۔ میئر نے خصوصی طور پر کے ایم سی کے زیر انتظام 46 نالوں اور اہم ٹاؤن نالوں کی صفائی اور پانی کے نکاس پر توجہ دینے کی ہدایت بھی دی ہے تاکہ اربن فلڈنگ کے خدشات کو کم کیا جا سکے۔