کراچی میں بارش کے بعد بجلی کا بحران – 350 سے زائد فیڈرز ٹرپ، متعدد علاقے اندھیرے میں

کراچی میں موسلا دھار بارش نے شہری زندگی کو متاثر کر دیا۔ مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے ہونے والی بارش کے نتیجے میں کے الیکٹرک کے 350 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے جس سے کئی علاقے بجلی سے محروم ہو گئے۔ منظور کالونی، ڈی ایچ اے، اختر کالونی، ایف بی ایریا بلاک 2 اور 6، سلطان آباد، مائی کلاچی روڈ کے اطراف، گلشن اقبال بلاک 4، عزیز آباد اور کورنگی کے کئی حصوں میں بجلی غائب ہے۔ کے الیکٹرک کے ترجمان کے مطابق ادارے کا تقسیمی نظام مستحکم ہے اور شہر کو اس وقت 2100 میں سے 1770 فیڈرز کے ذریعے بجلی فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ فیلڈ ٹیمیں تیزی سے متاثرہ فیڈرز بحال کرنے میں مصروف ہیں۔ 🔹 وہ علاقے جہاں بجلی بحال ہو گئی: ڈیفنس پاسپورٹ آفس، سرور شہید روڈ، کلفٹن بلاک 8 اور 9، پی ای سی ایچ ایس بلاک 2، مین شاہراہِ قائدین، گلستان جوہر بلاک 3 اور 14، بلدیہ ٹاؤن سیکٹر 4-A، سعید آباد، پاکستان نیوی ہاؤسنگ اسکیم ماڑی پور، اورنگی قطر اسپتال، اقبال مارکیٹ، شاہ ولی اللہ نگر، اوتھل و سرجانی کا چیزال آباد، کریم دینو گُڈو گوٹھ اور حب ڈیم کے علاقے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ حفاظتی پروٹوکول کے تحت نشیبی اور تجاوزات والے علاقوں میں بجلی عارضی طور پر بند کی جاتی ہے تاکہ حادثات سے بچا جا سکے۔ کے الیکٹرک کا عملہ مسلسل سرگرم ہے اور شہری انتظامیہ سمیت ایمرجنسی اداروں سے رابطے میں ہے۔ صارفین بجلی کی شکایات کے لیے 118 ہیلپ لائن، کے ای واٹس ایپ، سوشل میڈیا چینلز یا کے ای لائیو ایپ پر فوری اطلاع دے سکتے ہیں۔