کراچی میں گزشتہ رات سے شروع ہونے والی ہلکی بارش صبح ہوتے ہی تیز برسات میں بدل گئی۔ چند گھنٹوں کی بارش نے ہی شہر کو تالاب کا منظر دے دیا، سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں اور کئی نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے۔ ٹاور، گرو مندر، صدر موبائل مارکیٹ اور اطراف کی سڑکوں پر پانی جمع ہے جبکہ طارق روڈ، عزیز آباد، شارعِ قائدین، لیاقت آباد، حسن اسکوائر، نارتھ ناظم آباد، سائٹ ایریا، کلفٹن، ڈیفنس اور شارع فیصل سمیت بیشتر علاقوں میں موسلا دھار بارش نے نظامِ زندگی مفلوج کردیا۔ اسی طرح گلستان جوہر، گلشن اقبال، فیڈرل بی ایریا، اسکیم 33، صفورا، ملیر کینٹ، نارتھ کراچی، سرجانی ٹاؤن اور منگھو پیر میں بھی بارش نے جل تھل ایک کردیا۔ نارتھ ناظم آباد اور اطراف میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش نے شہریوں کو مزید مشکلات میں ڈال دیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں میں آج بھی شدید بارشوں کا امکان ہے۔ آئندہ 24 گھنٹوں میں کشمیر، گلگت بلتستان، مری اور گلیات میں موسلا دھار بارش کی پیشگوئی ہے جبکہ کوئٹہ، ژوب، قلات، لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور اور سندھ کے کئی اضلاع میں نشیبی علاقوں کے زیرِ آب آنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔