محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ مون سون کا موجودہ سسٹم انتہائی طاقتور ہے اور اس کے اثرات خیبرپختونخوا کے ساتھ ساتھ کراچی اور اندرونِ سندھ میں بھی ظاہر ہورہے ہیں۔ اگلے دو روز تک موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث اربن فلڈنگ اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ ہے۔ کراچی میں شدید گرمی اور حبس سے ستائے شہریوں کیلئے بارش راحت کا باعث بنے گی، تاہم ٹاور، گرومندر اور صدر سمیت مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش نے سڑکیں تالاب بنا دیں، ٹریفک نظام درہم برہم ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ہواؤں کی سمت آئندہ دنوں میں بدلتی رہے گی جبکہ ہوا کا کم دباؤ مغرب اور شمال مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے۔ بارشوں کا سلسلہ کراچی کے علاوہ سندھ کے دیگر اضلاع میں بھی پھیلے گا، جن میں تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، سانگھڑ، بدین، حیدرآباد اور شہید بینظیر آباد شامل ہیں۔ ان علاقوں میں کہیں ہلکی، کہیں تیز جبکہ بعض مقامات پر شدید بارش متوقع ہے۔ محکمے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ نشیبی علاقوں میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔