“صوابی میں کلاؤڈ برسٹ اور لینڈ سلائیڈنگ، گھروں کا صفایا – 9 لاشیں برآمد، 15 سے زائد لاپتہ”

صوابی کے گدون دالوڑی میں شدید کلاؤڈ برسٹ اور طوفانی بارشوں نے ہر طرف تباہی مچادی۔ سیلابی ریلے کئی گھروں کو بہا لے گئے، جب کہ پہاڑی علاقے میں لینڈ سلائیڈنگ نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا۔ اب تک 8 مکانات منہدم ہوچکے ہیں اور درجنوں افراد پانی کے ریلے میں بہہ گئے۔ ریسکیو ٹیموں نے آپریشن کے دوران 9 لاشیں برآمد کرلی ہیں، جب کہ مقامی افراد کے مطابق 15 سے زائد افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ امدادی آپریشن میں 90 اہلکار، 13 ایمبولینسیں، 3 ڈیزاسٹر گاڑیاں، واٹر باؤزر، 3 پک اپس، 2 واٹر ریسکیو یونٹس اور ایک ریکوری وہیکل حصہ لے رہے ہیں۔ صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ ایجنسی کے مطابق جمعرات سے شروع ہونے والی بارشوں کے نتیجے میں خیبر پختونخوا بھر میں اب تک 340 سے زائد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ مزید بارشوں اور سیلاب کا خطرہ بھی موجود ہے۔ تازہ بارشوں کے بعد لاپتہ افراد کی تلاش روک دی گئی ہے، تاہم ریسکیو اہلکار اور مقامی رضاکار اب بھی ملبے سے زندہ یا جاں بحق افراد کو نکالنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔