پولیس کے مطابق بلوچستان کے علاقے سوردو میں نامعلوم مسلح ملزمان نے ایک گھر پر حملہ کرکے 4 افراد کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ واقعہ گزشتہ روز پیش آیا۔ حکام کے مطابق مقتولین میں سے ایک کا تعلق کوئٹہ، دوسرے کا خضدار جبکہ دو مقامی باشندے شامل ہیں۔ پولیس نے کہا ہے کہ واقعے کے محرکات کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں۔ اس سے قبل ستمبر 2024 میں پنجگور کے علاقے خدا آبادان میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک کوارٹر پر حملہ کرکے 7 مزدوروں کو قتل اور ایک کو زخمی کردیا تھا۔ جاں بحق افراد کا تعلق پنجاب کے مختلف شہروں سے تھا اور وہ سب ایک ہی کوارٹر میں رہائش پذیر تھے۔ واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش میں سرچ آپریشن شروع کیا تھا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس وقت مزدوروں کے قتل کی مذمت کی تھی اور کہا تھا کہ معصوم مزدوروں پر فائرنگ کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے لواحقین کے ساتھ ہمدردی اور دکھ کا اظہار بھی کیا تھا۔