جڑانوالہ اسپتال میں مبینہ غفلت – حاملہ خاتون جان سے گئی، شوہر کا احتجاج

جڑانوالہ کے تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں مبینہ غفلت کے باعث 35 سالہ حاملہ خاتون نازیہ بی بی زندگی کی بازی ہار گئیں۔ ورثا کے مطابق مرحومہ کو ڈلیوری کے لیے اسپتال لایا گیا تھا لیکن ڈاکٹروں نے خون کی کمی کا بہانہ بنا کر بروقت ڈلیوری نہ کی، جس کے نتیجے میں نازیہ بی بی اور ان کا بچہ جانبر نہ ہو سکے۔ مرحومہ کے شوہر، افسر فراز نے اسپتال انتظامیہ پر شدید غفلت کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ان کی بیوی اور بچہ اسپتال کی لاپرواہی کے باعث دنیا سے رخصت ہو گئے۔ دوسری جانب اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ خاتون کی موت دل کا دورہ پڑنے کے باعث ہوئی۔ واقعے پر اسسٹنٹ کمشنر نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ایم ایس کو انکوائری کی ہدایت دی ہے اور یقین دہانی کرائی ہے کہ غفلت ثابت ہونے پر متعلقہ افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انتظامیہ کے مطابق معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔