خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے کے سرد پہاڑی علاقوں میں تمام تعلیمی ادارے 19 اگست سے 25 اگست تک بند کرنے کا اعلان کردیا۔ یہ فیصلہ حالیہ کلاوڈ برسٹ، طوفانی بارشوں اور فلیش فلڈز کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ صوبائی وزیر تعلیم فیصل خان تراکئی نے نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے کہا کہ تعطیلات کے دوران تعلیمی سرگرمیاں گھروں یا آن لائن جاری رہیں گی۔ حکام کے مطابق ان علاقوں میں پہلے ہی جولائی میں ایک ماہ کی چھٹیاں ہوتی ہیں، لیکن اس سال غیر معمولی بارشوں اور تباہ کن سیلاب کے باعث مزید چھٹیاں دینا ناگزیر ہوگیا۔ ادھر سوات سمیت ملاکنڈ ڈویژن کے تمام اسکول بھی ایک ہفتے کیلئے بند رہیں گے۔ دوسری جانب ضلع صوابی کے ڈلورئی گاؤں میں کلاوڈ برسٹ نے تباہی مچا دی، کئی مکان ملبے تلے دب گئے۔ اب تک 13 لاشیں نکالی جا چکی ہیں جبکہ ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 18 ہو گئی ہے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق ریسکیو آپریشن جاری ہے جس میں 7 ایکسکیویٹرز، 6 ایمبولینسز اور ریسکیو 1122 کا عملہ حصہ لے رہا ہے تاکہ ملبے تلے دبے مزید افراد کو نکالا جا سکے۔