“بارش میں احتیاط لازمی، نشیبی علاقوں میں بجلی بند ہوسکتی ہے: کے الیکٹرک”

کراچی میں موسلا دھار بارش کے بعد کے الیکٹرک نے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت دی ہے۔ ترجمان کے مطابق تیز ہواؤں اور بارش کے دوران برقی آلات کا استعمال خطرناک ثابت ہوسکتا ہے، خصوصاً کھڑے پانی میں موٹر یا دیگر الیکٹرانک آلات چلانا جان لیوا حادثات کا باعث بن سکتا ہے۔ کے الیکٹرک نے شہریوں کو ہدایت دی کہ وہ ٹی وی اور انٹرنیٹ کیبلز، ٹوٹے ہوئے تاروں اور بجلی کی تنصیبات سے دور رہیں، جبکہ غیر قانونی ذرائع اور کنڈوں سے بجلی کا حصول خطرناک حادثات کا سبب بن سکتا ہے۔ ترجمان نے خبردار کیا کہ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی صورت میں حفاظتی اقدامات کے تحت بجلی بند کی جا سکتی ہے۔ تاہم، کمپنی نے واضح کیا کہ فیلڈ اسٹاف الرٹ پر موجود ہے اور صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جارہی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ رات سے کراچی میں بارش کا سلسلہ جاری ہے جو صبح تیز برسات میں بدل گیا۔ نارتھ ناظم آباد، سائٹ ایریا، کلفٹن، ڈیفنس، شارع فیصل، ایئرپورٹ، لانڈھی، ملیر اور کورنگی سمیت شہر کے بیشتر علاقوں میں موسلادھار بارش نے نظام زندگی متاثر کردیا ہے۔ گلشن اقبال، گلستان جوہر، فیڈرل بی ایریا، اسکیم 33 اور سرجانی ٹاؤن میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہا۔