پاکستان میں کیش لیس ڈیجیٹل معیشت: وزیراعظم شہباز شریف کو بریفنگ دی گئی

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ایک اجلاس میں ملک میں کیش لیس اور ڈیجیٹل معیشت کے نفاذ کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر اقتصادی امور احد چیمہ اور وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ بھی شریک تھے۔ اجلاس میں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ پاکستان میں ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر کے ذریعے ہر شخص کے لیے ڈیجیٹل آئی ڈی بنائی جائے گی، جس میں قومی شناختی کارڈ، بائیو میٹرک اور موبائل فون نمبرز کی معلومات شامل ہوں گی۔ ان ڈیجیٹل آئی ڈیز کے ذریعے ڈیجیٹل ادائیگیاں ممکن ہوں گی اور وفاقی ترقیاتی ادارے نے فائبر کنیکٹویٹی پر رائٹ آف وے فراہم کر دی ہے تاکہ انفراسٹرکچر کی تعمیر ممکن ہو سکے۔ وزیراعظم نے کیش لیس معیشت کے منصوبے اور اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت لین دین کے نظام کو کیش لیس اور ڈیجیٹل بنانے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے چیف سیکرٹریز کو ہدایت کی کہ اس نظام کو ضلعی سطح تک پہنچانے کے لیے وفاقی حکومت سے بھرپور تعاون کریں۔ واضح رہے کہ حکومت طویل عرصے سے ملکی معیشت میں شفافیت لانے کے لیے کیش لیس معیشت پر کام کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ حال ہی میں پاکستان نے جاپانی کمپنی سورامیتسو کے ساتھ سینٹرل بینک ڈیجیٹل کرنسی (CBDC) کے پائلٹ پروجیکٹ کا اعلان کیا، جس کے ذریعے ڈیجیٹل کرنسی کی جانچ اور نفاذ ممکن ہوگا۔