سعودی عرب میں بارشوں کی پیش گوئی، ابھا میں آسمانی بجلی کا المناک سانحہ

سعودی محکمہ موسمیات نے مملکت کے کئی علاقوں میں آج سے آئندہ ہفتے تک درمیانے درجے سے موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق جازان، عسیر، الباحہ، مکہ مکرمہ، تبوک اور مدینہ منورہ کے مختلف علاقے بارش کی لپیٹ میں آئیں گے۔ ریاض ریجن کے بعض حصوں میں ہلکی اور درمیانی بارش کا امکان ہے، جبکہ جازان، عسیر، الباحہ اور مکہ مکرمہ کے پہاڑی علاقوں میں بارش زیادہ شدت اختیار کرسکتی ہے۔ موسمیات کے قومی مرکز نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ موسم سے متعلق اپ ڈیٹس کے لیے ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جاری رپورٹس کو فالو کریں اور حکام کی ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔ اسی دوران حالیہ دنوں میں سعودی عرب کے خوبصورت سیاحتی شہر ابھا میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں آسمانی بجلی گرنے سے دو خواتین جان کی بازی ہار گئیں جبکہ ایک خاتون شدید زخمی ہوگئیں۔ رپورٹ کے مطابق جاں بحق ہونے والی خواتین کا تعلق القریات سے آیا ہوا ایک ہی خاندان سے تھا، جو سیر و تفریح کے لیے ابھا کے ایک تفریحی مقام پر موجود تھے۔ حادثے کے وقت اچانک آسمانی بجلی گری اور ایک خاتون اپنی 22 سالہ بیٹی کے ساتھ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئیں۔