“ٹیکسلا میں پولیس مقابلہ: بارہ قتل مقدمات میں مطلوب عامر شاہ ہلاک”

ٹیکسلا میں کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کے ساتھ مبینہ پولیس مقابلے میں انتہائی مطلوب اشتہاری ملزم عامر شاہ مارا گیا۔ پولیس کے مطابق موٹر سائیکل سوار ملزمان نے سی سی ڈی ٹیم پر فائرنگ کی، جس کے جواب میں کارروائی کرتے ہوئے عامر شاہ ہلاک ہوگیا جبکہ اس کے ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ ترجمان سی سی ڈی کا کہنا ہے کہ عامر شاہ راولپنڈی اور سرگودھا میں قتل کے 12 مقدمات میں انتہائی مطلوب تھا۔ وہ دینہ کے قریب اے این ایف اہلکاروں کو فائرنگ کر کے قتل کرنے کے علاوہ سوشل میڈیا پر پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو کھلے عام دھمکیاں بھی دیتا رہا تھا۔ یاد رہے کہ سی سی ڈی رواں سال وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر قائم کی گئی تھی تاکہ ڈکیتی، قتل، قبضہ مافیا اور گینگسٹر نیٹ ورکس کے خلاف فوری کارروائی کی جا سکے۔ یہ فورس ساڑھے چار ہزار اہلکاروں پر مشتمل ہے اور جدید ٹیکنالوجی جیسے ڈرون سرویلنس اور ڈیٹا مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے جرائم پر قابو پانے کی کوشش کر رہی ہے۔ سی سی ڈی کے قیام کے بعد سے پولیس مقابلوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، جن میں کئی خطرناک ملزمان مارے گئے ہیں۔ ان میں لاہور کا عرفان عرف عفی، احمد پور شرقیہ میں چھ سالہ بچی سمیرا کا قاتل، اور چارسدہ میں پولیس اہلکاروں کے قاتل بھی شامل ہیں۔