وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے نوٹس کے بعد شہید بینظیرآباد سے فرانزک ٹیم سانگھڑ پہنچ گئی ہے۔ ٹیم جائے وقوعہ کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لے رہی ہے تاکہ اصل حقائق تک پہنچا جا سکے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق صحافی خاور حسین کی اہلیہ اور بچے بھی سانگھڑ پہنچ رہے ہیں۔ اس حوالے سے ڈی آئی جی شہید بینظیر آباد فیصل بشیر میمن کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے مزید شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور اطراف کے علاقوں سے سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی حاصل کی جا رہی ہیں۔ گاڑی سے ملنے والا اسلحہ فرانزک لیبارٹری بھجوا دیا گیا ہے جبکہ قانونی تقاضوں کے تحت خاور حسین کی لاش کا پوسٹ مارٹم بھی کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ کراچی کے ایک نجی چینل سے وابستہ نوجوان صحافی خاور حسین مردہ حالت میں اپنی ہی گاڑی سے ملے تھے، ان کے ہاتھ میں پستول بھی موجود تھا۔ واقعے کے بعد وزیراعلیٰ سندھ اور وزیر داخلہ سندھ نے آئی جی پولیس سے فوری رپورٹ طلب کی ہے اور ہدایت کی ہے کہ تفتیش ایک قابل افسر کے سپرد کی جائے۔