راولپنڈی اور اسلام آباد صبح سویرے موسلا دھار بارش سے نہا گئے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے مون سون کی بارشوں کی شدت میں مزید اضافہ ہونے کا امکان ہے۔ کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں منگل تک شدید بارشوں کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے، جبکہ پنجاب میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش متوقع ہے۔ سندھ اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بھی آج سے جمعرات تک تیز بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث دریاؤں اور ندی نالوں میں طغیانی کے ساتھ لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی بڑھ سکتا ہے، اسی لیے سیاحوں کو پہاڑی علاقوں کا سفر مؤخر کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ جڑواں شہروں میں بارش کے بعد نالہ لئی میں پانی کی سطح کٹاریاں کے مقام پر 10 فٹ اور گوالمنڈی میں 7 فٹ تک بلند ہوگئی ہے۔ ایم ڈی واسا سلیم اشرف کے مطابق نشیبی علاقوں پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔ ترجمان واسا کا کہنا ہے کہ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے پیش نظر واسا راولپنڈی ہائی الرٹ ہے، عملہ اور ہیوی مشینری تعینات کر دی گئی ہے اور رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ اب تک جڑواں شہروں میں 70 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے۔