“بھارت کے چھ طیارے تباہ، نقوی کا انکشاف: ڈمپر اور مرسڈیز کی ٹکر جیسا انجام”

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تہلکہ خیز انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ جنگ میں بھارت کے تمام 6 طیارے تباہ ہوئے اور ان کی ویڈیوز پاکستان کے پاس موجود ہیں۔ لاہور میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے بتایا کہ رواں برس مئی میں ہونے والی جنگ کے دوران بھارتی طیارے گرائے گئے، لیکن پاکستان نے فیصلہ کیا کہ ثبوت آنے تک اعلان نہیں کیا جائے گا۔ ان کے مطابق ثبوت فوری طور پر مل گئے تھے، مگر آج باضابطہ اعلان کر رہا ہوں۔ انھوں نے کہا کہ بھارت نے ہماری ایک بیس پر 7 میزائل فائر کیے لیکن کوئی بھی ہدف تک نہیں پہنچا، جب کہ پاکستان نے جواب میں بھارت کے سب سے بڑے آئل اسٹوریج پر میزائل فائر کیے اور کئی ٹارگٹس پر بھارت کو نشانہ بنایا۔ مزید حملے بھی کیے جا سکتے تھے، لیکن مقصد بھارت کو ڈرامہ کرنے کا موقع دینا نہیں تھا۔ “اس جنگ میں ہمیں اللہ کی غیبی مدد حاصل رہی۔” محسن نقوی کے مطابق پاک فوج، ایئر فورس اور بحریہ نے مکمل حکمتِ عملی کے ساتھ جنگ لڑی۔ فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر اور وزیر اعظم شہباز شریف نے دباؤ برداشت کیا اور بھارت کو بھرپور جواب دیا۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ: “بھارت مرسڈیز ہے اور پاکستان ڈمپر، وہ بھی پتھروں اور مٹی سے لدا ہوا۔ جب مرسڈیز اور ڈمپر کی ٹکر ہوتی ہے تو انجام سب جانتے ہیں—یہی بھارت کے ساتھ ہوا۔” وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ جنگ کے دوران پاکستان میں تاریخی اتحاد دیکھنے کو ملا۔ سب سیاسی جماعتیں اکٹھی تھیں، جب کہ دوسری طرف بھارت میں اس کے آرمی چیف اور ایئر چیف مودی سے الگ الگ ملاقات کر رہے تھے۔ انہوں نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کو اجیت دوول اور امیت شاہ کی سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں مودی کے ساتھ بھارت کو بھی لے ڈوبیں گے۔ محسن نقوی نے واضح کیا کہ بھارت بلوچستان میں دہشت گردی کروا رہا ہے، لیکن پاکستان کشمیری عوام کو ان کا حق دلانے تک پیچھا نہیں چھوڑے گا۔ انھوں نے کہا کہ جنگ کے بعد بھارتی وفد امریکا لابنگ کے لیے گیا، مگر بلاول بھٹو زرداری اکیلے ان دس پر بھاری ثابت ہوئے۔ پس منظر یاد رہے کہ رواں برس 7 مئی کو بھارت نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کی آڑ میں پاکستان کی شہری آبادیوں پر حملہ کیا، جس کے جواب میں پاکستان نے 10 مئی کی صبح آپریشن “بنیان مرصوص” لانچ کیا۔ اس آپریشن میں پاک فضائیہ نے چند گھنٹوں کے اندر بھارت کا ایئر ڈیفنس نظام مکمل طور پر تباہ کر کے مودی حکومت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا۔