وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی نے بارشوں اور سیلاب سے پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال کے پیش نظر ملک بھر میں 911 ایمرجنسی ہیلپ لائن کو فوری طور پر فعال کر دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد عوام کو فوری اور مؤثر امداد فراہم کرنا ہے۔
911 کی اہم خصوصیات:
- یہ سروس ہنگامی حالات میں اس وقت بھی کام کرے گی جب آپ کے اپنے موبائل نیٹ ورک کے ٹاورز متاثر ہو جائیں۔
- ایسے میں، یہ خود بخود قریبی کسی بھی دستیاب نیٹ ورک سے منسلک ہو کر آپ کی کال کو جوڑ دے گی۔
- اس سہولت کا فائدہ یہ ہے کہ سیلاب یا بارش سے متاثرہ علاقوں میں بھی شہری بنا کسی رکاوٹ کے 911 پر رابطہ کر سکیں گے۔
وزارتِ آئی ٹی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری مدد کے لیے 911 پر رابطہ کریں۔ تاہم، غیر ضروری کالز سے گریز کرنے کی بھی درخواست کی گئی ہے تاکہ ضرورتمند افراد کو آسانی سے مدد مل سکے۔
خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں جاری طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں نے شدید تباہی مچائی ہے، اور اب تک 300 سے زائد افراد اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔ وزیراعظم نے ہنگامی صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے خیبرپختونخوا کے لیے امدادی سامان فوری طور پر ٹرکوں کے ذریعے روانہ کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے۔