گلگت بلتستان میں گلیشیر پگھلنے سے شدید تباہی، قراقرم ہائی وے بند

گلگت بلتستان میں شیشپر گلیشیر کے پگھلنے سے خوفناک صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ ترجمان فیض اللہ فراق کے مطابق، سیلابی پانی کے بہاؤ میں اچانک خطرناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے، جس نے علاقے میں تباہی مچا دی ہے۔ اس سیلابی ریلے کی وجہ سے سڑکیں، فصلیں اور زرعی زمینیں بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔ ہنزہ کے علاقے میں زرعی زمینوں، قیمتی درختوں اور فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ سیلاب نے کئی گھروں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ سب سے زیادہ تشویشناک بات یہ ہے کہ شاہراہ قراقرم کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے اور ہنزہ میں یہ شاہراہ ایک بار پھر بند ہو گئی ہے۔ فیض اللہ فراق نے بتایا کہ سڑک کی بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کر دیا گیا ہے اور ٹریفک کو متبادل نگر روڈ سے گزارا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات گلگت بلتستان میں خطرناک سطح پر پہنچ چکے ہیں، جس کے نتیجے میں یہ حادثات پیش آ رہے ہیں۔