راشد منہاس روڈ حادثہ: بہن بھائی کی ہلاکت پر دو ایس ایچ اوز معطل

کراچی کے راشد منہاس روڈ پر ڈمپر کی ٹکر سے بہن بھائی کی افسوسناک ہلاکت کے بعد پولیس نے سخت کارروائی کی ہے۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی نے غفلت اور لاپروائی برتنے پر دو ایس ایچ اوز، یوسف پلازہ کے افتخار خانزادہ اور فیڈرل بی انڈسٹریل ایریا کے شاہد بلوچ کو معطل کر دیا ہے۔ انہیں فوری طور پر بی کمپنی میں رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ اس واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے، جس نے حادثے کی حقیقت کو واضح کر دیا ہے۔ فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حادثے کی وجہ ڈمپر کی غلطی نہیں تھی بلکہ بائیک سوار اچانک بائیں سے دائیں ہو گیا اور بائیک اچھل کر سلپ ہو گئی، جس کے نتیجے میں وہ ڈمپر کے نیچے آ گئے۔ یہ بھی یاد رہے کہ کچھ دن پہلے ایڈوکیٹ ناصر ملک کے قتل کے بعد بھی پولیس نے ایس ایچ او سولجر بازار، وقار عظیم کو معطل کر دیا تھا۔ اس کیس میں پولیس نے مرکزی ملزم محسن کو بھی گرفتار کر لیا ہے، جو کہ مقتول کا ہی رشتہ دار نکلا۔