کراچی میں نئی نمبر پلیٹ لگوانے کے لیے مزید مہلت مل گئی

محکمہ ایکسائز کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق گاڑیوں کی نمبر پلیٹ تبدیل کرنے کی تاریخ 14 اگست سے بڑھا کر 31 اکتوبر کردی گئی ہے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو سے وزیر ایکسائز مکیش چاؤلہ کی ملاقات ہوئی، بلاول بھٹو کی ہدایت پر نمبر پلیٹ کی تاریخ میں توسیع کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اسکیم کراچی سے کشمور تک سندھ بھر کیلیے ہے، اب تک 20 لاکھ نئی نمبر پلیٹس جاری کرچکے ہیں۔ یاد رہے وزیر محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سندھ مکیش کمار چاولہ نے ایسے شہریوں کو خبردار کیا تھا جو سڑکوں پر اسٹالز اور دکانوں سے جعلی نمبر پلیٹ خرید کر گاڑیوں اور موٹرسائیکل پر لگوا رہے ہیں۔ مکیش کمار چاولہ نے نجی نیوز سائٹ کو دیے گئے انٹرویو میں کہا تھا کہ خصوصی فیچر کی حامل اجرک والی نمبر پلیٹ 2022 میں لانچ ہوئی، پچھلے 3 سال کے دوران ہزاروں گاڑیوں اور موٹرسائیکل کو یہ نمبر پلیٹ دی جا چکی ہے۔ انہوں نے بتایا تھا کہ یہ سکیورٹی فیچرڈ نمبر پلیٹ ہے جو سیف سٹی پروجیکٹ سے منسلک ہے، پچھلے ایک سال سے میں اسمبلی کے فلور پر اور میڈیا کے ذریعے بتا چکا ہوں کہ مستقبل میں تمام شہریوں کو یہ والی نمبر پلیٹ لگانی ہوگی۔