دہشتگردوں سے جرأت مندانہ مقابلہ: ملک عاشق نور کا خاندان پھر قربانیوں کی صف میں

جنوبی وزیرستان کے علاقے دژہ غونڈئی میں ایک دلخراش جھڑپ کے دوران قبائلی رہنما ملک عاشق نور کے خاندان نے ایک بار پھر قربانی دی ہے۔ دہشتگردوں اور ملک عاشق نور کے قبیلے کے درمیان ہونے والی اس شدید جھڑپ میں ان کے بھائی جان جان کی بازی ہار گئے، جب کہ دوسرا بھائی شدید زخمی ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق، جھڑپ میں دہشتگردوں کو بھی بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا۔ دہشتگردوں کا ایک اہم کمانڈر موقع پر ہی مارا گیا، جبکہ متعدد دہشتگردوں کے مارے جانے کی بھی اطلاعات ہیں۔ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ ملک عاشق نور کے خاندان کو دہشتگردی کا سامنا کرنا پڑا ہو۔ ان کے دو بھائی، صدراتی ایوارڈ یافتہ ملک اسلم نور اور ملک خادین بھی ماضی میں دہشتگردی کے واقعات میں شہید ہو چکے ہیں۔ ملک عاشق نور کا تعلق احمدزئی وزیر قبیلے کی ذلی خیل شاخ سے ہے، جو اپنے بہادری اور قربانیوں کے لیے جانا جاتا ہے۔ جنوبی وزیرستان سمیت خیبر پختونخوا کے کئی اضلاع میں بدامنی اور شدت پسندی کے سائے اب بھی منڈلا رہے ہیں۔ شدت پسند گروہوں کی موجودگی نہ صرف عام شہریوں کی جان و مال کے لیے خطرہ بنی ہوئی ہے، بلکہ عوام کی آزاد نقل و حرکت بھی محدود ہو کر رہ گئی ہے۔ سیکیورٹی فورسز ان علاقوں میں دہشتگردوں کے خلاف مسلسل کارروائیاں کر رہی ہیں اور ٹارگٹڈ آپریشنز کے ذریعے امن بحال کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔