خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں دہشتگردوں نے رات گئے فتح خیل پولیس چوکی پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید اور تین زخمی ہو گئے۔ پولیس کی بروقت اور مؤثر جوابی کارروائی میں تین دہشتگرد مارے گئے، جبکہ دیگر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس کے مطابق، دہشتگردوں نے چوکی پر بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا۔ شہید ہونے والے اہلکار کی شناخت کانسٹیبل نیاز کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ زخمی اہلکاروں میں منیر، سوداد اور مفتی محمود شامل ہیں۔ واقعے کے فوراً بعد علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا اور سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔ ڈی آئی جی بنوں نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ: “پولیس دہشتگردی کے خلاف فرنٹ لائن پر ڈٹ کر کھڑی ہے۔ ہمارے جوان دشمن کے بزدلانہ حملوں کا بھرپور جواب دینا جانتے ہیں۔ دہشتگرد اس طرح کی کارروائیوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔” دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید اہلکار کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے بیان میں کہا کہ: “پولیس نے رات کی تاریکی میں بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کا جرات مندی سے مقابلہ کیا۔ حملہ ناکام بنایا اور تین دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا۔”انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں امن و استحکام کے دشمنوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا، اور ریاستی ادارے ہر محاذ پر مکمل طور پر متحرک ہیں۔