🇮🇷🤝🇵🇰 ایران سے پیغامِ دوستی — صدر پیزشکیان کا پہلا دورہ پاکستان، تجارت و امن پر اہم گفتگو

ایران کے نو منتخب صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان پاکستان کے دو روزہ دورے پر لاہور پہنچے، جہاں انہوں نے تاریخی شہر میں علامہ اقبال کے مزار پر حاضری دے کر دوستی اور فکری رشتے کو خراج تحسین پیش کیا۔ لاہور میں مختصر قیام کے بعد وہ اسلام آباد روانہ ہوں گے، جہاں اعلیٰ سطح کی ملاقاتیں متوقع ہیں۔ پاکستان روانگی سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے صدر پیزشکیان نے کہا کہ ان کا یہ دورہ سرحدی سلامتی، علاقائی امن اور اقتصادی تعاون کے لیے ایک مثبت قدم ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سرحدی منڈیاں اور دونوں ملکوں کے درمیان روابط نئی راہیں کھولیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران پاکستان اور چین کے ون بیلٹ ون روڈ منصوبے میں بھرپور شرکت کا خواہاں ہے، جس سے ایران کو یورپ سے تجارتی رابطہ قائم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ صدر پیزشکیان کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کا حجم 10 ارب ڈالر تک پہنچانا ان کی حکومت کا ہدف ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ پیغام بھی دیا کہ پاک ایران اسلامی اتحاد کو کمزور کرنے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہو گی۔