کھیلتے کھیلتے موت کا گولا — لکی مروت میں دل دہلا دینے والا واقعہ

لکی مروت کے علاقے سوربند لنگر خیل میں ایک دلخراش سانحہ پیش آیا، جہاں معصوم بچوں کی کھیل کود زندگی کے چراغ بجھا گئی۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق، کچھ بچے باہر ویرانے میں کھیل رہے تھے کہ انہیں ایک مارٹر گولہ ملا۔ لاعلمی میں وہ اسے گھر لے آئے اور کھیل کے دوران اچانک وہ گولہ پھٹ گیا۔ ہولناک دھماکے نے پورا گھر ہلا کر رکھ دیا۔ اس سانحے میں پانچ معصوم جانیں ضائع ہو گئیں—جن میں چار بچیاں اور ایک بچہ شامل ہیں۔ دھماکے سے گھر میں موجود خواتین و مرد بھی شدید متاثر ہوئے، اور 13 افراد زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، اور تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ یہ معلوم ہو سکے کہ یہ خطرناک مواد وہاں تک کیسے پہنچا۔