حالیہ مون سون بارشوں کی وجہ سے کشمور میں دریائے سندھ گڈو بیراج کے مقام پر پانی کی سطح مزید بلند ہوگئی جس کے باعث محکمہ ایریگیشن نے درمیانے درجے کے سیلاب کا اعلان کر دیا۔ فلڈ فور کاسٹنگ ڈویژن کے مطابق دریائے سند ھ میں تونسہ بیراج پر درمیانے درجے جبکہ گڈو اور سکھر بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، تونسہ بیراج پر پانی کی آمد اور اخراج 4 لاکھ 26 ہزار کیوسک ہے، اس کے علاوہ تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح 1527 اور منگلا ڈیم میں 1184 فٹ ہو گئی۔ دریائے سندھ میں راجن پور، گھوٹکی اور تونسہ کے مقام پر پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ، تونسہ میں کئی بستیاں زیرِ آب آ گئیں ، دوسری جانب راجن پور کے کچے کے علاقوں سے لوگوں نے محفوظ مقامات کی طرف نقل مکانی شروع کر دی ہے۔ کنٹرول روم کے مطابق گڈو بیراج پر پانی کی آمد 3 لاکھ 55 ہزار 283 کیوسک اور اخراج 3 لاکھ 15 ہزار 558 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 13 ہزار 190 کیوسک پانی کی سطح میں اضافہ ہوا ہے جبکہ آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران پانی کی سطح مزید بلند ہو سکتی ہے۔ محکمہ ایریگیشن کے ذرائع کے مطابق حالیہ مون سون بارشوں کے باعث دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں مزید اضافہ متوقع ہے۔