مویشی منڈی کے جنرل بلاکس میں ڈیڑھ من کے جانور کی قیمت کیا ہے؟

تفصیلات کے مطابق ایڈمنسٹریٹر شہاب علی نے کہا ہے کہ مویشی منڈی میں خرید و فروخت کا عمل جوش و خروش سے جاری ہے، ملک بھر سے فروخت کے لیے قربانی کے جانوروں کی آمد کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ انھوں نے بتایا کہ ناردرن بائی پاس منڈی میں ساڑھے 3 سے 4 لاکھ جانوروں کی گنجائش ہے، منڈی میں بیل، گائے، بکرے، بھیڑیں اور اونٹ خرید و فروخت کے لیے دستیاب ہیں، جب کہ گائے، بکرے، اونٹ اور دمبے خریدنے والوں کی آمد میں بھی روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ ایڈمنسٹریٹر کے مطابق مویشی منڈی کے جنرل بلاکس میں ڈیڑھ من کا جانور 1 لاکھ 60 ہزار میں دستیاب ہے، جب کہ ساڑھے 3 من کا جانور 2 لاکھ 25 ہزار میں دستیاب ہے، انھوں نے بتایا کہ منڈی میں ہزاروں سے لاکھوں روپے تک کے جانور موجود ہیں، اور خریدار اپنی استطاعت اور بیوپاری اپنی مانگ کے مطابق بھاؤ لگا رہے ہیں۔